پینٹاگون نے قطر میں العدید اڈے پر ایرانی میزائل حملے کی تصدیق کر دی

امریکی محکمۂ دفاع، پینٹاگون نے قطر میں واقع امریکی فضائی اڈے "العدید” پر ایرانی بیلسٹک میزائل حملے کی تصدیق کر دی ہے۔ اس حملے کے نتیجے میں امریکی کمیونیکیشن سسٹم کے ایک اہم حصے کو نقصان پہنچا۔
پینٹاگون کے مطابق، ایران نے 23 جون کو العدید اڈے پر حملہ کیا، جس میں امریکی افواج کی مواصلاتی سلامتی کے لیے مخصوص ایک ڈوم (قبہ نما عمارت) کو براہ راست نشانہ بنایا گیا۔ اب اس واقعے سے قبل اور بعد کی سیٹلائٹ تصاویر بھی منظرِ عام پر آ چکی ہیں، جن میں عمارت کو ہونے والے نقصان کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ایران کی امریکا کو مشروط مذاکرات کی پیشکش
قطری حکومت نے تاحال اس حملے کے حوالے سے کوئی سرکاری ردِ عمل ظاہر نہیں کیا، تاہم بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ حملہ ایران کی جانب سے امریکا کو سخت پیغام اور اسرائیل کے ساتھ جاری 12 روزہ کشیدگی کا ردِعمل تھا۔ بعد ازاں، اس کشیدگی کے اختتام پر سیزفائر عمل میں آیا۔
امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے اس حملے کے اشارے پہلے ہی دے دیے تھے، جس کے نتیجے میں امریکا اور قطر نے العدید اڈہ بروقت خالی کر لیا، اور بڑے جانی نقصان سے بچا جا سکا۔
