یو اے ای نے غیر ملکی پروازوں کے داخلے پر پابندی لگا دی

متحدہ عرب امارات نے غیر ملکی پروازوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے اعلان کے وقت پی آئی اے کی تین پروازیں یو اے ای کی فضائی حدود میں موجود تھیں جن کی دبئی ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے لیے حکام سے درخواست کی گئی۔بعد ازاں انکار کے بعد تینوں پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت مل گئی۔ پی آئی اے نے دبئی ائیرپورٹ اتھارٹی سے لینڈنگ کی درخواست کی تھی۔تینوں پروازیں دوبئی سے مسافروں کو لے کر پاکستان روانہ ہوں گی. ذرائع نے بتایا یہ تینوں پروازیں جمعرات کی صبح لاہور، اسلام آباد اور کراچی سے روانہ ہوئی تھیں۔ذرائع کا کہنا ہےکہ متحدہ عرب امارات کے اعلان کے بعد پی آئی اے نے یو اے ای کے لیے اپنی آئندہ پروازیں منسوخ کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے متحدہ عرب امارات میں موجود پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے آج 5 فیری فلائٹس چلائے گی۔
قبل ازیں متحدہ عرب امارات نے ایسے تمام رہائشی ویزہ کے حامل افراد کے ویزے عارضی طور پر معطل کر دیئے جو اس وقت مملکت سے باہر موجود ہیں۔ اماراتی حکومت کے مطابق یہ پابندی عارضی ہے اور ان افراد کے ویزوں کی معطلی اگلے دو ہفتوں کے لیے ہو گی ۔اس مُدت کے دوران ایسے تمام رہائشی ویزہ ہولڈر امارات میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔ اماراتی حکومت کے مطابق اس پابندی کا اطلاق آج بروز جمعرات 19 مارچ کی دوپہر سے ہو رہا ہے۔جس کا مقصد مملکت میں باہر سے آنے والے افراد کے ذریعے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔اماراتی وزارت برائے خارجہ امور نے واضح کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے حوالے سے بھرپور احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔اگر ضروری سمجھا گیا تو امارات سے باہر موجود رہائشی ویزہ کے حامل افراد پر عائد دو ہفتوں کی پابندی میں مزید توسیع بھی کی جا سکتی ہے، تاہم ابھی یہ پابندی صرف دو ہفتوں کے لیے ہی عائد کی گئی ہے۔ وزارت کی جانب سے اس پابندی سے متاثر ہونے والے افراد کواس بارے میں رہنمائی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایسے ویزہ ہولڈر جو اس وقت اپنے آبائی وطن میں موجود ہیں انہیں اپنے وطن میں موجود اماراتی سفارت خانوں سے رابطہ کرنا چاہیے تاکہ ان کی امارات میں واپسی کی راہ ہموار ہو سکے.
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرگئی جب کہ ہلاکتیں تقریباً 9 ہزار ہیں۔اس کے علاوہ کئی ممالک سے وائرس سے بچنے کے لیے اپنی سرحدوں کو بند کردیا اور غیر ملکی فلائٹس کے ملک میں داخلے بند کردیے ہیں۔ اس سے قبل سعودی عرب کی طرف سے بھی غیر ملکی پروازوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کی جا چکی ہے.