پشاور کی مسجد میں‌دھماکہ، 50 سے زائد افراد شہید

پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار کی جامع مسجد امامیہ میں ’خودکش دھماکے، 50 سے زائد افراد شہید جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
جمعے کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے بتایا ہے کہ دھماکے میں 50 سے زائد افراد شہید جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ مزید زخمیوں کو لایا جا رہا ہے، دوسری جانب صوبہ پختونخوا کی حکومت نے پشاور کے تمام ہسپتالوں میں میڈیکل ایمرجنسی بھی نافذ کرتے ہوئے ڈاکٹرز سمیت تمام معاون عملے کو صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ دھماکہ نماز جمعہ کے دوران ہوا۔پشاور کے سی سی پی او محمد اعجاز خان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفصیلات کے مطابق قصہ خوانی بازار کے کوچہ رسالدار کی جامع مسجد میں دو حملہ آوروں نے گھسنے کی کوشش کی۔ان کا کہنا ہے کہ پولیس ٹیم پر حملے کے بعد جامع مسجد میں دھماکہ ہوا۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے ترجمان محمد عاصم نے بتایا کہ ’ہسپتال میں 50 سے زائد زخمی لائے گئے ہیں۔ بدقسمتی سے ان میں سے 50 سے زائد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ مجموعی ہلاکتوں اور زخمیوں کے بارے میں حتمی رپورٹ کچھ دیر میں شیئر کریں گے۔ ابھی اور بھی زخمی ہسپتال میں آ رہے ہیں اور ہسپتال میں لوگ بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ زیادہ تر زخمیوں کی حالت نازک ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پہلے کوچہ رسالدار مسجد میں فائرنگ ہوئی اور اس کے بعد دھماکہ ہوا۔بم ڈسپوزل سکواڈ کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 5 سے کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے۔
عینی شاہد اکمل بنگش نے بتایا کہ پہلے مسجد کے باہر پولیس پر فائرنگ ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ’جیسے ہی فائرنگ اور دھماکے کی آواز سنی تو مسجد کی طرف دوڑا کیونکہ وہاں پر میرے بچے بھی نماز پڑھنے گئے ہوئے تھے، انہوں نے بتایا کہ ان کے بچے بچ گئے تاہم ان کا بھتیجا زخمی ہوا ہے۔
ایک اور عینی شاہد نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’جمعے کا خطبہ شروع ہوا تو اچانک باہر سے فائرنگ شروع ہو گئی۔ اس کے بعد ایک شخص جو لڑکا سا تھا، وہ اندر آ گیا اور کافی نمازیوں کو اس نے شہید کیا۔ اس کے بعد اس نے آنکھیں بند کر دیں اور دھماکہ کر دیا۔ اس کے بعد پھر کوئی سمجھ نہیں آئی۔وزیر اعظم عمران خان نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پشاور میں قصہ خوانی کی جامع مسجد کوچہ رسالدار میں ہونے والے خودکش دھماکے کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی،عینی شاہد کے مطابق کالے لباس میں ملبوس خودکش حملہ آور نے پہلے سکیورٹی اہلکاروں پر 5 سے 6 فائر کیے اور پھر تیزی سے مسجد کے اندر داخل ہوا اور خود کو اڑا دیا۔
عینی شاہد نے بتایا کہ خودکش حملہ آور نے خود کو منبر کےسامنے اڑایا اور دھماکے کے بعد مسجد کے ہال میں ہر طرف انسانی اعضا پھیل گئے۔دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی جس میں خودکش بمبار کو لوگوں پر گولیاں چلاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

Back to top button