پشین: سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع پشین میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر مبنی ایک کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی بھارتی حمایت یافتہ گروہ کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ہلاک افراد کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے عناصر علاقے میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسدادِ دہشت گردی کی جاری مہم کے تحت کارروائیاں کر رہے ہیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پشین میں کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن قومی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی آپریشن کو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بروقت کارروائی سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے گئے۔ انہوں نے بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے سیکیورٹی اداروں کی کوششوں کو سراہا۔

Back to top button