پی کے 7سوات ضمنی الیکشن :پی ٹی آئی کے فضل مولانےمیدان مار لیا

پی کے 7 سوات کے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فضل مولا نے میدان مار لیاہے۔
صوبہ خیبرپختونخوااسمبلی کے حلقہ پی کے7 میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد الیکشن قوانین کے تحت ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیا گیاجس میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق کُل 124 پولنگ اسٹیشنز میں پی ٹی آئی کے امیدوار فضل مولا 18 ہزار 42 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے،جبکہ ان کے مدمقابل عوامی نیشنل پارٹی اور متحدہ اپوزیشن کے حمایت یافتہ امیدوار حسین احمد 14 ہزار 604 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے،تمام پولنگ اسٹیشنز کے نتائج بذریعہ آر ایم ایس الیکشن کمیشن کو موصول ہوئے ہیں۔
شمالی وزیر ستان :فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشتگرد ہلاک،2 جوان شہید
ادھر پی ٹی آئی امیدوار کے حق میں نتیجہ آنے پر کارکنان نے مراد سعید کے ڈیرے پر جشن منایا اور نعرے بازی کے ساتھ مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔
دوسری جانب اے این پی نے پی کے 7 سوات کے ضمنی انتخاب کے نتائج مسترد کر دیے ہیں۔
اے این پی کے رہنما ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ پارٹی میں مشاورت کے بعد نتائج کو چیلنج کریں گے، پولنگ ایجنٹس کے پاس موجود فارم 45 اور سرکاری نتائج مختلف ہیں، سرکاری مشینری کے استعمال اور راتوں رات فنڈز کے اجراء پر الیکشن کمیشن کیوں خاموش رہا؟
واضح رہے کہ یہ نشست اے این پی کے وقار خان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی ،جس پر آج صبح 8 بجے پولنگ کا عمل شروع ہوا اور شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا، حلقے میں 124 پولنگ سٹیشنز اور 308 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے، حلقے میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔