وزیراعظم سعودی ولی عہد کی دعوت پر مدینہ منورہ پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد کی دعوت پر مدینہ منورہ پہنچ گئے ہیں ،جہاں ہوائی اڈے پرگورنر مدینہ فیصل بن سلمان آل سعود نے اعلیٰ حکام کیساتھ ان کا استقبال کیا۔

وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف اپنے پہلے غیر ملکی 3 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں ۔ ان کے 13 رکنی وفد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر انسداد منشیات شاہ زین بگٹی، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ اور خالد مقبول صدیقی شامل ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں، اور اقتصادی، تجارتی ، سرمایہ کاری کے فروغ اورسعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت کریں گے۔ وزیراعظم سعودی حکام اور قیادت سے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور بین الاقوامی امورپر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دورے کے دوران پاکستان کو سعودی عرب سے 7.4 بلین ڈالر کی مالی مدد ملنے کا امکان ہے جس میں نقد ادائیگی اور موخر ادائیگیوں پر تیل کا حصول شامل ہے۔

اس کے علاوہ وزیر اعظم شہباز شریف روضہ رسول ﷺ پر حاضری دیں گے اورعمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔

سعودی عرب روانگی سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا کہ بھائی چارے اور دوستی کے رشتوں کی تجدید اور اعادہ کرنے کے لیے سعودی عرب کے دورے پر جا رہا ہوں۔ نہوں نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کا سب سے اچھا دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی قیادت کے ساتھ کثیر الجہتی مذاکرات کروں گا۔

دوسری طرف وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم کا یہ تین روزہ دورہ 28 سے 30 اپریل تک ہوگا جو کہ ان کا وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہونے کے بعد پہلا غیرملکی دورہ ہے۔

دفترخارجہ کا اپنے بیان میں کہنا تھاوزیر اعظم کے ساتھ اعلیٰ سطحی وفد بھی ہے جس میں وفاقی کابینہ کے کچھ اہم وزرا بھی شامل ہیں۔بیان کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم سعودی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری جیسے تعلقات کو فروغ دینے کے علاوہ سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بات چیت کریں گے، دونوں ممالک خطے اور بین الاقوامی مسائل پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیر اعظم شہباز کے دورہ سعودی عرب سے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بہتر اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم اور ولی عہد نے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے اور متنوع بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا تھا۔

شہباز شریف شہزادہ سلمان کی دعوت پر سعودیہ گئے ہیں

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد نے سرکاری سطح پر وزیر اعظم پاکستان کو 16 اپریل کو دعوت دی تھی جب انہوں نے شہباز شریف کو وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد مبارک دیتے ہوئے ان کو سعودی عرب کی جانب سے پاکستانی کی مستقل مدد کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی، اور دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ ہر لحاظ سے ان کو بہتر بنانے اور ترقی دینے کے اپنے عزم کا اظہار کیا تھا، وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد کا پاکستان کی مدد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے ’تاریخی‘ عمل قرار دیا تھا ۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ولی عہد نے سعودی قیادت کی طرف سے پاکستان کی ہر میدان میں مدد کرنے پر دلچسپی کی تصدیق کی تھی۔

Back to top button