مسلم لیگ ن امیدوار کی این اے 97 میں دوبارہ گنتی کی درخواست خارج

سپریم کورٹ نے این اے 97 فیصل آباد میں دوبارہ گنتی کی مسلم لیگ ن کےامیدوار علی گوہر بلوچ کی اپیل خارج کردی۔

جسٹس امین الدین خان اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ جسٹس نعیم اختر افغان نےریمارکس دیےکہ ریکارڈ سےثابت کریں ریٹرننگ افسر کو دوبارہ گنتی کی درخواست بر وقت دی گئی تھی، آپ سپریم کورٹ کےحالیہ فیصلے پر انحصار کررہے ہیں تاہم سپریم کورٹ نےفیصلے میں دو اصول طےکیے، سپریم کورٹ نےکہا جب دوبارہ گنتی کی درخواست بر وقت آئےتو دوبارہ گنتی سے آر او انکار نہیں کرسکتا۔

جسٹس نعیم اختر افغان نےریمارکس دیےکہ سپریم کورٹ نےدوبارہ گنتی کےلیے دونوں امیدواروں میں ووٹوں کےفرق کو بھی بیان کیا،ریکارڈ سےکہیں بھی ثابت نہیں ہورہا کہ دوبارہ گنتی کی درخواست 9 فروری کو آئی تھی،آپ جس کاغذ پر انحصار کررہے ہیں اس پرتاریخ بھی درج نہیں،کیا ریٹرننگ افسر نےکسی بھی فورم پر تسلیم کیاکہ دوبارہ گنتی کی درخواست آئی تھی۔

وزیر اعلٰی پنجاب نے اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کا افتتاح کردیا

 

درخواست گزار کے وکیل حسن رضا نےدلائل دیے کہ ریٹرننگ افسر جھوٹ بھی تو بول سکتا ہے،جس پر جسٹس نعیم اختر افغان نےریمارکس دیے کہ ریٹرننگ افسر نےکہا دوبارہ گنتی کی درخواست بعدمیں ذہن میں آنے والی سوچ ہے۔

دوران سماعت ڈی جی لاء محمد ارشد عدالت میں پیش ہوئے۔جسٹس امین الدین خان نےڈی جی لاء سے مکالمہ کرتےہوئے کہاکہ آپ کا ریکارڈ کیاکہتا ہے۔ ڈی جی لاء نےبتایا کہ ہمارے ریکارڈ کےمطابق 9 فروری کو دوبارہ گنتی کی درخواست نہیں دائر کی گئی۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے این اے 97 میں دوبارہ گنتی کی ن لیگی امیدوار کی درخواست خارج کر دی، جس کےنتیجے میں حلقے سے پی ٹی آئی کے منتخب امیدوار سعد اللہ بلوچ رکن قومی اسمبلی برقرار رہیں گے۔

Back to top button