سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے مسلم لیگ ن چھوڑنے کاا علان کر دیا

مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور مریم نواز کے سابق ترجمان اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے مسلم لیگ ن کو چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا تھا کافی عرصے سے پارٹی سے تحفظات تھے، اب فیصلہ کر لیا ہے کہ مسلم لیگ ن کو خیر باد کہہ دوں۔ وہ مسلم لیگ ن چھوڑ رہے ہیں، اس فیصلے سے مسلم لیگ ن کی قیادت کو بہت پہلے آگاہ کردیا تھا۔ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وہ اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ دوستوں کی مشاورت سے کریں گے، کسی اور پارٹی میں جانے کا فیصلہ فی الحال نہیں کیا۔محمد زبیر کا مزید کہنا تھا کہ مجھے تحریک عدم اعتماد، پی ڈی ایم کی 16 ماہ کی کارکردگی سمیت مختلف ایشوز پر اختلافات تھے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم عوام کی سیاست کرتے تھے، ووٹ کو عزت دو ہمارا بیانیہ تھا، ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ چھوڑ کر ہر قیمت پر اقتدار میں آںا ہے تو پھر کیا بات چیت کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے بھی مسلم لیگ ن چھوڑ دی ہے، محمد زبیر کے بارے میں بھی یہ کہا جارہا تھا کہ وہ جلد مسلم لیگ ن کو خیرباد کہہ دینگے، اب انہوں نے ن لیگ چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

خیال رہے کہ محمد زبیر پچھلے دو سے ڈھائی سال سے مسلم لیگ ن کی پارٹی قیادت کے اجلاسوں میں شریک نہیں ہو رہے تھے۔محمد زبیر سندھ کے گورنر اور نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان بھی رہ چکے ہیں۔

پنجاب کابینہ کااجلاس 13جون کو طلب

 

واضح رہے کہ محمد زبیر فروری 2017 کو سندھ کے 32 ویں گورنر بنے تھے، انہوں نے یہ منصب جسٹس (ر) سعیدالزمان صدیقی کی وفاقت کے بعد سنبھالا تھا۔تاہم انہوں نے جولائی 2018 میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

گورنر سندھ بننے سے پہلے محمد زبیر چیئرمین نجکاری کمیشن تھے اور اس سے قبل جولائی تا دسمبر 2013 ان کے پاس بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین کا عہدہ تھا اور وہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے بھائی بھی ہیں۔قبل ازیں سال 13-2012 میں وہ مسلم لیگ (ن) کی معاشی، ٹیکس اصلاحات اور میڈیا کمیٹیوں کا حصہ تھے۔نجکاری کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق حکومت کے لیے کام کرنے سے قبل محمد زبیر آئی بی ایم میں کام کرتے تھے جہاں انہوں نے 2007 تک اپنے 26 سالہ کیریئر میں متعدد عہدوں پر کام کیا۔

 

Back to top button