خیبرپختونخواکی سینیٹ کی نشستوں پرپولنگ 21جولائی کوہوگی

خیبرپختونخواکی سینیٹ کی نشستوں پرپولنگ 21جولائی کوہوگی،الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی فہرست جاری کردی گئی۔
کمیشن کے مطابق 27 مارچ 2024 کو مرتب کی گئی فہرست کو ہی حتمی تصور کیا جائے گا، اور سینیٹ انتخابات کے لیے نئے کاغذات نامزدگی وصول نہیں کیے جائیں گے۔
جاری کردہ فہرست کے مطابق، خیبرپختونخوا کی 7 جنرل نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 16 امیدوار میدان میں ہیں، جب کہ خواتین کی 2 نشستوں کے لیے 4 امیدوار اور ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں کے لیے 6 امیدواروں کی فہرست شائع کی گئی ہے۔
جنرل نشستوں کے لیے پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے پاکستان (جے یو پی)، اور مسلم لیگ (ن) کے ایک، ایک امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں، جب کہ ٹیکنوکریٹ سیٹ پر بھی جے یو پی کا ایک امیدوار میدان میں ہوگا۔
خواتین کی نشست پر پیپلز پارٹی کی ایک امیدوار قسمت آزمائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 4 جولائی کو الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی 7 جنرل، 2 خواتین، اور 2 ٹیکنوکریٹ نشستوں پر انتخاب کے لیے شیڈول جاری کیا تھا۔ شیڈول کے مطابق پولنگ 21 جولائی کو صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا میں ہوگی۔
