وزیراعظم سے پیپلزپارٹی کے وفدکی ملاقات،تحفظات سے آگاہ کردیا

وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد کی پارلیمان میں قانون سازی کے معاملے کو لے کر ملاقات ہوئی۔اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات ہوئی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارلیمان میں قانون سازی سے متعلق امور زیر غور لائے گئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی وفد نے وزیراعظم کو حکومتی قانون سازی پر اپنے تحفظات سے متعلق آگاہ کیا۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان پیلپز پارٹی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے. ملکی تعمیر و ترقی کیلئے اہم فیصلوں میں پیپلز پارٹی نے حکومت کا ہر قدم پر ساتھ دیا جس پر اسکے مشکور ہیں۔
اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت ہوئی اور اجلاس میں خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا
وفد میں سینیٹر شیری رحمن، راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر اور اعجاز جاکھرانی شامل تھے۔
ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ اور مشیر وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ بھی شریک تھے۔
وزیراعظم نے حکومتی رہنماؤں کو قانون سازی کے عمل میں اتحادی جماعت کو اعتماد میں لینے کی ہدایا جاری کردیں۔
