صدر اور وزیراعظم کی قوم کو نئے سال کی مبارکباد، ترقی و استحکام کے عزم کا اعادہ

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے نئے سال کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے نئے سال کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہا کہ اگرچہ پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، لیکن قوم بے بس نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد، استقامت، تخلیقی سوچ اور پختہ یقین کے ذریعے تمام مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
صدرِ مملکت نے زور دیا کہ بحیثیت قوم اور ملک کے محافظ ہونے کے ناطے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کی تجدید کرنا ہوگی تاکہ درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی تمام شہریوں کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ نیا سال پاکستان کے لیے خوشحالی، ترقی اور استحکام کا پیغام لے کر آئے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ سال 2025 دفاعِ وطن کے حوالے سے تاریخ کا ایک اہم اور سنہری باب ثابت ہوگا، اور پوری قوم بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ملکی دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار بنے گی۔
