صدر زرداری کی سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے ملاقات،عالمی امن پرتبادلہ خیال

صدر مملکت آصف علی زرداری کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے دوحہ میں ملاقات ہوئی ہے۔ جس میں انہوں نے خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا۔

صدر مملکت نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں سیکریٹری جنرل کی قیادت اور پاکستان کے لیے ان کی مسلسل حمایت کو سراہا۔

آصف زرداری نے جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازع کے منصفانہ حل اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

صدر زرداری نے دوحہ پولیٹیکل ڈیکلریشن کو غربت کے خاتمے اور سماجی ترقی کے عالمی عزم کے احیا کے لیے خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہاکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سماجی شمولیت اور معاشی خودمختاری کے فروغ کا کامیاب ماڈل ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان عالمی امن، انصاف اور خوشحالی کے فروغ میں اقوامِ متحدہ کے مرکزی کردار کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

Back to top button