پولیو کا انسداد بڑا چیلنج،وائرس ختم کرکے دم لیں گے،شہبازشریف

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پولیو کا انسداد بہت بڑا چیلنج ہے، وائرس کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔
اسلام آباد میں انسداد پولیو مہم سے متعلق تقریب سےخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف تعاون پر عالمی شراکت داروں کےشکر گزار ہیں۔، اس بار پولیو کے مرض کو پاکستان کی سرحدوں سےہمیشہ ہمیشہ کے لیے باہر نکالیں گے۔
شہبازشریف کاکہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں کےساتھ ملکر پولیو کے خلاف جنگ جیتیں گے، پاکستان بھر میں پولیو کے 60 کیسزآنا تشویش کی بات ہے، وائرس کا انسداد ایک بہت بڑا چیلنج ہے، ہماری کوشش ہے کہ پولیو کے مرض کو اس بار پاکستان کی سرحدوں سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئےباہر نکالیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بچوں کے والدین اس مہم میں پوری طرح ہماری رہنمائی فرمائیں اور اپنے بچوں کو قطرے پلا کر پولیو کے اس مرض سے ان کے مستقبل کو محفوظ کریں۔
وزیراعظم نے تمام صوبوں میں کام کرنےوالی پولیو ٹیمز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز کی ستائش کرتےہیں اور ان کی بہادری کو سراہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی مسائل والےعلاقوں میں قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیم مہم میں بھرپور طریقے سےہماری مدد کررہے ہیں۔
شہباز شریف نے پولیو کیخلاف مہم میں کردار ادا کرنے پر سعودی عرب، بل گیٹس فاؤنڈیشن اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا بھی شکریہ ادا کیا، وزیراعظم نے اس موقع پر بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں پولیو وائرس کےپھیلاؤ میں مسلسل اضافہ ہورہاہے، دو روز قبل ملک بھر میں پولیو کے 4 کیسز رپورٹ ہونےکےبعد گزشتہ روز مزید 8 اضلاع میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
قومی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق رواں برس ملک میں اب تک 63 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے سب سے زیادہ 26 کا تعلق بلوچستان سے ہے جب کہ خیبرپختونخوا سے 18، سندھ سے 17 اور پنجاب،اسلام آباد سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا۔
