حالات معمول پر آتے ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کریں گے : وزیر پیٹرولیم

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا کہ جیسے ہی مشرق وسطیٰ کے حالات معمول پر آتے ہیں تو حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کردے گی۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ مجبوراً کیا۔جن لوگوں نے پیٹرول کی فروخت روک کر منافع خوری کی ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے صورت حال کے مطابق اپنے ذخائر کو بڑھا لیا تھا۔ آبنائے ہُرمز کا راستہ بند ہونے کےبعد سعودی عرب کی دوسری بندرگاہوں سے تیل لایا جارہا ہے۔پی این ایس سی کے دو جہاز سعودی عرب کے دوسرے راستوں سے تیل پاکستان لارہے ہیں، سعودی آرامکو نے کہا ہےکہ پاکستان بڑا بحری جہاز بھی بھیجے تو اس پر بھی تیل بھجوائیں گے۔
آئی ایم ایف کا پاکستان سے پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کا مطالبہ
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ شب مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور آبنائے ہُرمز کی بندش کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 55، 55 روپے اضافے کا اعلان کیا تھا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 321 روپے 17 پیسے اور ڈیزل کی نئی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی۔
