وزیراعظم کا بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے ترسیلات زر سکیم جاری رکھنے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلاتِ زر پاکستان بھیجنے کی سہولت کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانی ہماری طاقت اور ملک کا انمول سرمایہ ہیں۔
وزیراعظم نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ ورکرز ریمٹینس انسینٹیو اسکیم کے لیے فوری طور پر فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ اس سہولت کو بلاتعطل جاری رکھا جا سکے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مالی سال 2024-25 کے دوران سمندر پار پاکستانیوں نے ریکارڈ 38 ارب 30 کروڑ ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھجوائیں، جو ملکی تاریخ کا سب سے بلند ترین سطح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترسیلاتِ زر سے نہ صرف درآمدی ادائیگیوں میں مدد ملی بلکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ترسیلات بھیجنے میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
مزید برآں، وزیراعظم نے ایف بی آر میں عالمی معیار کے جدید ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے قیام کی بھی منظوری دی اور اس کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔
