وزیراعظم کاحافظ نعیم کوفون، فلوٹیلا پرحملے،مشتاق احمدکی گرفتاری کی مذمت

وزیر اعظم شہبازشریف کاامیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کو فون،صمود فلوٹیلا پرحملے اورمشتاق احمدخان کی گرفتاری کی مذمت ،بحفاظت وطن واپسی کی یقین دہانی کرائی۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلی فونک رابطے میں فلسطین میں جنگ بندی،فلسطینیوں کے قتل عام کی فوری روک تھام کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا مسئلہ فلسطین پر مؤقف دو ٹوک اور واضح ہے، پاکستان نے ہمیشہ دنیا کے ہر فورم پر اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کیلئے آواز اٹھائی ہے اور پاکستان نہتے فلسطینیوں کے لیے آئندہ بھی آواز اٹھاتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فلسطینی بہن بھائیوں کا مقدمہ اقوام عالم کے سامنے ہمیشہ زور دار طریقے سے لڑا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے 1967 سے قبل کی سرحدوں کے ساتھ فلسطینی ریاست کے قیام اور فلسطین کے القدس الشریف کے بطور دارالحکومت کے پاکستان کے مؤقف کو بھی دہرایا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 8 اسلامی ممالک فلسطین میں جنگ بندی کیلئے اپنی فعال، بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، پر امید ہیں کہ بہت جلد یہ کوششیں رنگ لائیں گی، امن کے ساتھ ساتھ فلسطینی ریاست کے قیام کا دیرینہ خواب پورا ہوگا۔
