مہنگائی کی شرح 81 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے پر وزیر اعظم اظہار اطمینان

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح 81 ماہ کی کم ترین شرح پر پہنچنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دسمبر 2024ءمیں مہنگائی کی شرح 4.1 فیصد پر آنا خوش آئند ہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف کاکہنا تھاکہ دسمبر  2024 میں مہنگائی کی شرح 4.1 فیصد پر آنا خوش آئند ہے،میکرو اکنامک استحکام حاصل کر لیا ہے لیکن یہ صرف آغاز ہے،ہم نے اُڑان پاکستان جیسے منصوبے کا آغاز کیا،یہ منصوبہ پاکستان کو دنیا کے صف اول ممالک کی صف میں کھڑا کردے گا۔

شہباز شریف نےکہاکہ حکومت معاشی اصلاحات کی پالیسی پر گامزن ہے، 24 سال بعد کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوا،افراط زر 38 فیصد سے کم ہوکر 4.1 فیصد پر آ گیا، اسٹاک مارکیٹ دنیا کی دوسری بہترین مارکیٹ بن چکی ہے۔پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہوکر 13 فیصد پر آ گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ حکومتی معاشی اور مالیاتی ٹیم کی محنت سے معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے،ان شاءاللہ عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری آئےگی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات کا احساس تھا، عوامی مشکلات کے حل کےلیے دن رات کام کیا،جلد عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری آئےگی۔

خیال رہے کہ ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی سے متعلق دسمبر کی ماہانہ رپورٹ جاری کی گئی،جس کےمطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں مہنگائی کی شرح 7.22 فیصد ریکارڈ کی گئی،گزشتہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ کےدوران شرح 28.79 فیصد تھی۔

ادارہ شماریات کےمطابق رواں ماہ دسمبر کےدوران پاکستان میں مہنگائی کی شرح سالانہ بنیاد پر4.1 فیصد رہی،گزشتہ سال دسمبر میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 29.7 فیصد تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیاکہ شہری آبادی میں افراط ذر کی شرح کم ہوکر 4.4 فیصد پر آگئی،نومبر میں شہری افراط زر 5.2 فیصد،گزشتہ سال دسمبر میں 30.9 فیصد تھی۔

جاری رپورٹ کےمطابق دسمبر میں دیہی علاقوں میں افراط زر کم ہوکر سالانہ 3.6 فیصد رہ گئی، نومبر میں افراط زر 4.3 فیصد،دسمبر 2023 میں 27.9 فیصد تھی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کےمطابق رواں ماہ دسمبر میں آلو 12.42 فیصد،تازہ پھل 8.84 فیصد مہنگے ہوئے،گھی 5.42 فیصد،کوکنگ آئل 4.39 فیصد،جب کہ شہد 2.79 فیصد مہنگا ہوا۔

اسی طرح ملک بھر میں چینی 2 فیصد،مچھلی 1.82 فیصد،انڈے 1.01 فیصد ،گوشت 0.81 فیصد،خشک میوہ جات 0.32 فیصد اور گندم 0.27 فیصد مہنگی ہو گئی۔

ایف بی آر نے آئی ایم ایف کے ٹیکس ٹو جی ڈی پی کا ہدف حاصل کرلیا

ادارہ شماریات کےمطابق ایک ماہ کےدوران چکن 13.06 فیصد،دال چنا 6.94 فیصد سستی ہوئی،جب کہ پیاز 4.91 فیصد،ٹماٹر 3.28 فیصد اور دال ماش 2.59 فیصد سستی ہوئی ہے۔

Back to top button