وزیراعظم کی ڈاکٹر فوزیہ سے ملاقات، ڈاکٹر عافیہ کےلیے قانونی و سفارتی تعاون کی یقین دہانی

وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات کے دوران واضح کیا کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ کے معاملے میں ہرگز غافل نہیں رہی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات کے دوران انہیں یقین دہانی کرائی کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو انصاف دلانے کےلیے تمام ممکنہ قانونی اور سفارتی ذرائع بروئے کار لائے گی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق، اس ملاقات میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل عثمان منصور اعوان، وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ طارق فاطمی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر حکومت ماضی میں بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے قانونی اور سفارتی سطح پر اقدامات کرتی رہی ہے۔ اب بھی اس سلسلے میں حکومت ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس سے قبل سابق امریکی صدر جو بائیڈن کو اس معاملے پر خط بھی لکھا تھا۔ ساتھ ہی، انہوں نے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے، جو ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے مستقل رابطے میں رہے گی اور ہر سطح پر تعاون فراہم کرے گی۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کچھ روز قبل ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس میں رپورٹ پیش نہ کرنے پر وزیراعظم اور وفاقی حکومت کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔ عدالت نے تمام فریقین کو دو ہفتے کے اندر تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

Back to top button