وزیراعظم وضاحت کریں، بلاول نے کیا سازش کی؟  سعید غنی

 

 

 

 

وزیر محنت سندھ سعید غنی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری پر لگائے گئے سازش کے الزامات کی وضاحت کریں۔ عوام کو بتایا جائے کہ آخر بلاول بھٹو نے وزیر اعظم یا ان کی حکومت کے خلاف کیا سازش کی؟

صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کبھی پنجاب حکومت کی کارکردگی پر تنقید نہیں کی،بلکہ انہوں نے تعریف کی تھی اور وزیر اعظم سے صرف سیلاب متاثرین کےلیے مدد کی اپیل کی تھی۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر کیوں ایسی فضا بنائی جارہی ہے کہ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت سے ناراض ہوجائے؟

سعید غنی کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت کو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے ووٹوں کی ضرورت ہےاور اگر پیپلز پارٹی حکومتی اتحاد سے علیحدہ ہوتی ہے تو ملک کو معاشی بحران کا سامنا ہوسکتا ہے،جو ہم نہیں چاہتے۔

 

انہوں نے مزید کہاکہ اگر عظمیٰ بخاری کے مطابق بلاول بھٹو نے بطور وزیر خارجہ "سازشیں” کیں، تو وزیر اعظم کو واضح طور پر بتانا ہوگا کہ وہ سازش کیا تھی؟ خود شہباز شریف،بلاول بھٹو کی بطور وزیر خارجہ کارکردگی کی بارہا تعریف کرتے رہے ہیں۔

سعید غنی نے سوال کیا کہ کیا اب وزیر اعظم اپنی ہی پارٹی کی صوبائی وزیر کی بات کو جھوٹا قراردیں گے،یا بلاول کی سابقہ کارکردگی کی تائید کریں گے؟ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار تھا تو بلاول بھٹو ہی اسے سفارتی تنہائی سے باہر لائے۔

وزیر اطلاعات پنجاب کے بلاول بھٹو پر سنگین الزامات

سعید غنی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا "میرا پانی، میری مرضی” والا بیان ناقابل قبول ہے۔ پانی صرف پنجاب کا نہیں بلکہ پورے ملک کا اثاثہ ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ نہریں بنانے کی تجاویز کے وقت بھی پنجاب میں 39 فیصد پانی کی کمی تھی، اور اگر نئی نہریں بنائی گئیں تو یہ واضح ہونا چاہیے کہ پنجاب پانی کہاں سے لائے گا۔

 

Back to top button