وزیراعظم کا چینی کی ذخیرہ اندوزی پرسخت کارروائی کاحکم

وزیراعظم شہبازشریف نے ملک بھر میں چینی کی غیرقانونی ذخیرہ اندوزی پرسخت کارروائی کاحکم دیدیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں چینی کی سپلائی اور قیمت کے کنٹرول کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں انہوں نے حکام کو چینی کی قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔
شہبازشریف کواجلاس کے دوران چینی کی پیداوار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں چینی کا وافر اسٹاک موجود ہے، صوبائی سطح پر چینی کی ارزاں نرخوں پر فروخت کیلئےفئیر پرائس شاپس قائم کی گئی ہیں، چینی کی اسمگلنگ مکمل ختم کرنے کیلئےبھرپور اقدامات لئے جائیں گے اور اسمگلرز کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
صوبائی چیف سیکرٹریز نےاجلاس کو بریفنگ دی کہ چینی کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے گی،انتظامیہ ضلع کی سطح پر مستعدی سے کام کرے گی۔
شہبازشریف کااجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام کو اشیائے خور و نوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، گزشتہ مہینوں میں حکومت نے چینی کی اسمگلنگ پر سخت کارروائی کی جس سے چینی کی اسمگلنگ کے خاتمے میں مدد ملی۔
وزیراعظم نے چینی کی قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور چینی کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کی خلاف سخت کارروائی کرنے کا کہا۔
وزیراعظم نے رمضان المبارک میں چینی اور دیگر اشیائے خور و نوش کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کے حوالے سے حکمت عملی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر عام آدمی کو سستے داموں اشیائے خور و نوش کی فراہمی یقینی بنائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ رمضان المبارک میں چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے کنٹرول کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
