وزیر اعظم کی لبنان سےشام میں محصور پاکستانیوں کےانخلا کی درخواست

وزیر اعظم شہباز شریف نےشام میں محصور پاکستانیوں کے انخلا کے لیے لبنان کے وزیر اعظم سے رابطہ کیا ہے۔
وزیر اعظم نےآج لبنان کےوزیراعظم نجیب میقاتی سےٹیلی فونک رابطہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی فوجی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئےپاکستان کی غیر متزلزل حمایت کےعزم کااظہار کیا۔
شہبازشریف نے لبنان کیلئےجنگ بندی کے معاہدےکاخیرمقدم کیااورفلسطینی عوام کیلئےبھی اسی طرح کےجنگ بندی کےمعاہدےپرزور دیا۔
رپورٹ کےمطابق لبنان کےہم منصب سےبات چیت میں وزیر اعظم نے شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور شام میں محصورپاکستانیوں کےانخلا کیلئے مدد کی درخواست کی۔
رپورٹ کےمطابق ایک اندازےکےمطابق سیکڑوں پاکستانی اس وقت شام میں محصور ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نےشام کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر دفتر خارجہ کو پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت شام کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر پاکستانیوں کے انخلاءکےحوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعظم نےشام سے وطن واپسی کے خواہاں پاکستانیوں کے بذریعہ ہمسایہ ممالک سے جلد از جلد محفوظ انخلاء کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے کہا کہ شام میں مقیم پاکستانیوں کے محفوظ انخلاء کے لیے اقدامات کیے جائیں، شام میں مقیم پاکستانیوں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اس مقصد کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔
وزیراعظم پاکستان نے دمشق میں پاکستانی سفارت خانے کو معلوماتی ڈیسک اورپاکستانیوں سے رابطے کے لیے ہیلپ لائن قائم کرنے کی ہدایت کردی۔
شہبازشریف نےہدایت دی کہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہونےتک دفتر خارجہ کرائسز مینجمنٹ یونٹ اور شام اور اس کےہمسایہ ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں میں معلوماتی ڈیسک24 گھنٹے فعال رکھی جائیں۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔
