پی ایس ایل 10 کی ٹرافی ’لومینارا‘ کی بحیرہ عرب میں رونمائی

پاکستان سپر لیگ نے 10ویں ایڈیشن کی ٹرافی ’لومینارا‘ کی رونمائی بحیرہ عرب میں منعقد کرکے تاریخ رقم کر دی۔

ایک حیرت انگیز شاہکار ٹرافی  ’لومینارا‘ کو ٹھوس چاندی کی شیٹ سے تیار کیا گیا ہے،  10 کلو گرام وزنی ٹرافی کو 22,850 چمکدار زرکون پتھروں سے مزّین کیا گیا ہے۔ یہ باصلاحیت اسٹارز ، جذبے، توانائی او  بہترین مقابلے  کی عکاسی کرتی ہے، جو ایچ بی ایل پی ایس ایل کا تعارف ہے۔

ٹرافی کی رونمائی کراچی کی حدود میں بحیرہ عرب کے کھلے پانیوں میں کی گئی، جہاں پاک بحریہ کے تعاون سے ایک پیشہ ور غوطہ خور نے گہرے سمندر سے یہ ٹرافی اس طرح ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اسٹیک ہولڈرز کے حوالے کی جیسے سمندر سے خزانہ برآمد کیا ہو۔

تقریب کے موقع پر  پی سی بی  اور ایچ بی ایل کے حکام، فرنچائز کے نمائندے اور کرکٹرز موجود تھے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سمندر میں’لومینارا‘  کی نقاب کشائی لیگ کی جدت اور عمدگی کے عزم کا ثبوت ہے۔ جیسا کہ ہم ایچ بی ایل پی ایس ایل کی ایک دہائی منا رہے ہیں، یہ ٹرافی لیگ کی چمکتی ہوئی میراث اور اس کے روشن مستقبل کی نمائندگی کرتی ہے۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ ہمیشہ سے میدان کے اندر اور باہر  آگے بڑھتی  رہی ہے۔ جس طرح سمندر گہرائی رکھتا ہے اسی طرح ایچ بی ایل پی ایس ایل  ٹیلنٹ اور اسپورٹسمین شپ کا گہرا تعلق ہے۔ یہ انوکھی نقاب کشائی اسی جذبے کی گہرائی کی نمائندگی کرتی ہے جو ہمارے کھلاڑی اور شائقین اس کھیل میں لاتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا 10واں ایڈیشن 11 اپریل سے 18 مئی تک 4 شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں ہونے والا ہے۔

افتتاحی میچ دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

Back to top button