پی ٹی آئی نےمذاکرات کےنتائج کیلئے31 جنوری کی ڈیڈ لائن دیدی
پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے مثبت نتائج کیلئے 31 جنوری کی ڈیڈ لائن دے دی۔
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کےبعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف31 جنوری تک مذاکرات منطقی انجام تک پہنچانا چاہتی ہے اور مذاکراتی کمیٹی2 جنوری کو حکومتی کمیٹی سے ملاقات کر کے آگاہ کرے گی۔
صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور پر بانی پی ٹی آئی عمران خ ان نے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ملک کی خاطر بانی پی ٹی آئی اپنے اوپر قاتلانہ حملہ اور ناروا سلوک معاف کرنے کو تیار ہیں۔ عمران خان کسی ڈیل یا دستخط کر کے نہیں ، عدالتوں کے ذریعے باہر آئیں گے۔
حامد رضا کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور تمام کارکنان کو فسطائیت کا سامنا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سربراہ سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کرم کے معاملے پر علی امین گنڈاپور اور جلس وحدت المسلمین کےسربراہ علامہ ناصر عباس کے ساتھ خصوصی گفتگو کی ہے اور جلد سےجلد اس مسئلے کو حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حامدرضا نے کہاکہ ہمارے دو مطالبات ہیں،9 مئی پر سپریم کورٹ کے سینیئر ججوں پر مشتمل جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اورسی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لائی جائیں، اس کے علاوہ26نومبرپرہمارے مؤقف بہت واضح ہےکہ وہاں گولی چلی، یہ پاکستان کی عوام اور جمہوریت پر حملہ تھا۔
صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ ہمارا دوسرا مطالبہ 9 مئی اوراس کےبعد تمام کیسز میں سیاسی اسیران کی رہائی کا ہے،ایسےتمام افراد کی رہائی ایجنڈےکا حصہ ہیں، عمران خان کی رہائی کسی ڈیل کےذریعے نہیں ہوگی، وہ عدالتوں میں اپنے تمام مقدمات کا سامنا کرنے کے بعد جیل سےباہرآئیں گے۔