پی ٹی آئی کا خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے الگ رہنے کا اعلان
پی ٹی آئی نے نئے چیف جسٹس پاکستان کی تعیناتی کےلیے قائم خصوصی پارلیمانی کمیٹی کےاجلاس سے مکمل طور پر الگ رہنے کا اعلان کردیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سےجاری سیاسی کمیٹی جلاس کےاعلامیے کے مطابق 26 ویں آئینی ترمیم پر پارٹی پالیسی کےخلاف ووٹ دینےوالے اراکین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانےکی منظوری دی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کاکہنا تھا کہ آئینی ترمیم کو ووٹ دینےوالے اراکینِ کی بنیادی جماعتی رکنیت کی منسوخی سمیت ان کےخلاف حتمی تادیبی کارروائی پر اتفاق ہوا ہے۔
اعلامیے کےمطابق پارٹی سےروابط منقطع کرنےوالے دیگر اراکین کو شوکاز نوٹسز کے اجرا کی بھی منظوری دی گئی ہے جب کہ ان اراکین کے شوکاز نوٹس کے جوابات کی روشنی میں ان کے آئندہ کے مستقبل کا تعین کیاجائے گا۔
واضح رہےکہ سینیٹ کے بعد 21 اکتوبر کو قومی اسمبلی سےمنظوری کے بعد وزیر اعظم کی ارسال کردہ سمری پر صدر مملکت کےدستخط کے نتیجے میں 26ویں آئینی ترمیمی بل قانون بن گیا ہے۔
اس نئے قانون کے نافذ العمل ہونے کےساتھ ہی چیف جسٹس کی تقرری کا طریقہ کار بھی تبدیل ہوگیا ہے جہاں اس سے قبل چیف جسٹس کےبعد عدالت عظمیٰ سب سے سینئر ترین جج کو اس عہدےپر تعینات کیا جاتا تھا البتہ اب 26ویں آئینی ترمیم کے نتیجے میں بننے والے قانون سے صورتحال بدل گئی ہے۔
نئےقانون کی روشنی میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے حکومت اور اپوزیشن کے اراکین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائےگی جو سپریم کورٹ کے تین سینئر ترین ججوں کے ناموں پر مشاورت کے بعد ایک حتمی نام چیف جسٹس کےعہدے کےلیے وزیر اعظم کو بھیجے گی اور وزیراعظم اس نام کو منظوری کےلیے صدر کے پاس بھیجیں گے۔
گزشتہ روز اس قانون کی روشنی میں چیف جسٹس آف پاکستان کے تقرر کےلیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دےدی گئی جس کا اجلاس آج (منگل) شام 4 بجے طلب کیاگیا ہے۔
خواجہ آصف کی جسٹس یحییٰ آفریدی کے حکومتی امیدوار ہونے کی تاثر کی تردید
نوٹی فکیشن میں بتایاگیا تھا کہ کمیٹی میں مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف، احسن اقبال، شائستہ ملک، سینیٹر اعظم تارڑ اور پیپلز پارٹی کے راجا پرویز اشرف، فاروق ایچ نائیک اور نوید قمر شامل ہیں۔
ان کے علاوہ پی ٹی آئی کے بیرسٹر گوہر علی خان،سینیٹر علی ظفر، سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا بھی کمیٹی کاحصہ ہیں جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کی رکن رعنا انصار اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کےسینیٹر کامران مرتضیٰ کو بھی کمیٹی میں شامل کیاگیا ہے۔
جاری نوٹی فکیشن کےمطابق چیف جسٹس آف پاکستان کی نامزدگی کےلیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس منگل کی شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے کنسٹی ٹیوشن روم میں ہو گا۔