سپریم کورٹ بار کی پنجاب اسمبلی الیکشن ملتوی کرنے کی شدید مذمت

پنجاب اسمبلی کے الیکشن ملتوی کرنے کے اقدام کی سپریم کورٹ بار کی جانب سے شدید مذمت سامنے آئی ہے، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے تمام آئینی اداروں سے آئین کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔
سپریم کورٹ بارکا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن نے انتخابات اکتوبر تک ملتوی کر کے آئین منسوخ کر دیا، الیکشن کمیشن کسی بھی صورت میں انتخابات کی تاریخ تبدیل نہیں کرسکتا، سپریم کورٹ کے فیصلے میں واضح تھا کہ انتخابات 90 دنوں میں کرانے لازم ہیں۔
سپریم کورٹ بار کے مطابق الیکشن کمیشن نے اپنے آئینی مینڈیٹ اور سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی، الیکشن کمیشن نے آئین وسپریم کورٹ کے فیصلےکی غلط تشریح کی، آئین کے تحت نگران حکومت بھی 90 دن سے زیادہ قائم نہیں رہ سکتی۔
سپریم کورٹ بار کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن کی آئین کی کھلی خلاف ورزی ملک میں انتشار پھیلائےگی، تمام آئینی ادارے آئین منسوخ نہ کرنے کے لیے جامع اقدامات کریں۔
