پنجاب کا بجٹ ٹیکس فری ہوگا : عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہےکہ پنجاب کا بجٹ مکمل طور پر ٹیکس فری ہوگا، بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کےلیے ریلیف دیاگیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صوبے نے صفائی،تعلیم اور عوامی فلاح کے شعبوں میں نئی تاریخ رقم کی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ صوبہ پنجاب کا مالی سال 26-2025 کا بجٹ مکمل طور پر ٹیکس فری ہوگا،جو 16 جون کو پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیاگیا ہے،جو لوگ ٹیکس نہیں دیتے ان کو ٹیکس نیٹ میں لانا چاہیے،
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مختلف محکموں کی جانب سے دی گئی اضافی ٹیکس تجاویز کو مسترد کرکے عوامی مفاد کو ترجیح دی ہے،مریم نواز کے ہوتےہوئے پنجاب کے عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہاکہ ستھرا پنجاب پروگرام سے نہ صرف صوبہ پنجاب میں صفائی کے حوالے سے انقلابی تبدیلی آئی بلکہ دوسرے صوبوں کو بھی اس ماڈل سے سیکھنےکا موقع ملا،بعض صوبوں کو اس پروگرام سے بہت تکلیف ہوئی،کام کرنے کےلیے 15 یا 16 سال نہیں،صرف ایک سال ہی کافی ہوتاہے۔
سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی جانب سے اپنی تنخواہیں خود بڑھانے کا انکشاف
عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیاکہ پنجاب تیزی سے ترقی کررہا ہے اور عوام کی زندگیوں میں آسانی آرہی ہے،ہماری خواہش ہے دوسرے صوبے بھی ترقی کریں،گزشتہ ایک سال میں محکمہ تعلیم میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے،جو اس بات کا ثبوت ہےکہ موجودہ حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔
