قطر کا پاسدارانِ انقلاب کے 10 جاسوس گرفتار کرنے کا دعویٰ

قطر نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے لیے کام کرنے والے 10 جاسوسوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ تحقیقات کے دوران ملزمان نے اپنے ایرانی حکام کے ساتھ براہِ راست تعلقات کا اعتراف کیا اور تصدیق کی کہ انہیں قطر میں جاسوسی اور تخریبی کارروائیاں انجام دینے کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق گرفتار افراد دو گروہوں میں تقسیم تھے: سات مشتبہ افراد کو قطر کی اہم اور عسکری بنیادی ڈھانچے سے خفیہ معلومات جمع کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی، جبکہ تین افراد ڈرون ٹیکنالوجی کے ماہر تھے اور مخصوص تخریبی کارروائیوں کے لیے ڈرون استعمال کی تربیت حاصل کر چکے تھے۔

ایرانی کارروائیاں: دبئی میں امریکی قونصل خانے پرحملہ، سعودیہ میں CIA سٹیشن تباہ

ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ قطر کی حساس تنصیبات کی ریکی کر رہے تھے تاکہ مستقبل میں انہیں نشانہ بنایا جا سکے۔ گرفتاریاں ایک ایسے وقت میں سامنے آئیں جب خلیجی خطے میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی بڑھ چکی ہے۔

قطر، جو عام طور پر ایران اور مغرب کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرتا رہا ہے، اس تازہ واقعے کے بعد اپنی سیکیورٹی پالیسی پر نظرِ ثانی کر رہا ہے اور خطے میں ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات بڑھا رہا ہے۔

Back to top button