ایران پر مزید خوفناک حملوں کی تیاری کی جارہی ہے،امریکی وزیر خارجہ

امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے امریکی کارروائیوں پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے ایران کو خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید شدید حملے دیکھنے میں آ سکتے ہیں، ایران پر مزید خوفناک حملوں کی تیاری کی جارہی ہے۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مشرقِ وسطیٰ میں مقیم امریکی شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر اپنے قریبی امریکی سفارتخانوں یا قونصل خانوں سے رابطہ کریں۔ ان کے مطابق اب تک تقریباً 1600 امریکی شہری خطے سے انخلا کے لیے مدد طلب کر چکے ہیں۔

مارکو روبیو نے انکشاف کیا کہ ایک امریکی قونصل خانے کے احاطے اور پارکنگ ایریا میں ڈرون گرایا گیا، جبکہ بعض امریکی سفارتی دفاتر براہ راست حملوں کی زد میں آئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران خطے میں امریکی سفارتخانوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایرانی حکومت ایٹمی طاقت بن گئی تو اس کے اثرات نہایت خطرناک ہوں گے۔

ایران نے اسرائیل پر میزائلوں کی بوچھاڑ کر دی

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ ایران کو بیلسٹک میزائلوں کی آڑ میں کارروائیاں جاری رکھنے کی اجازت نہیں دے گا اور امریکی سینٹ کام ایرانی میزائل صلاحیت کو نشانہ بنانے کے لیے سرگرم ہے۔

روبیو کے مطابق دنیا کی دو بڑی فضائی قوتیں اس مشترکہ آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں اور امریکہ اپنے اسٹریٹیجک اہداف کے حصول تک کارروائیاں جاری رکھے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایرانی جوہری پروگرام، میزائل نظام اور بحری صلاحیت امریکی اہداف میں شامل ہیں اور ان میں سے تین اہم مقاصد تقریباً حاصل کیے جا چکے ہیں۔

ایرانی کارروائیاں: دبئی میں امریکی قونصل خانے پرحملہ، سعودیہ میں CIA سٹیشن تباہ

انہوں نے مزید کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بروقت فیصلہ کرتے ہوئے ایران کے خلاف کارروائی کی منظوری دی، کیونکہ تاخیر کی صورت میں ایران کو روکنا زیادہ مشکل ہو سکتا تھا۔ فضائی حدود کی بندش کے باعث بعض مشکلات ضرور پیش آئیں، تاہم مشترکہ آپریشن کا مقصد اہداف کو مؤثر انداز میں حاصل کرنا تھا۔

Back to top button