وزیراعظم سے قطر کے وزیر مملکت کی ملاقات،سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے ملاقات کی۔ دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔

شہبازشریف سے ملاقات میں ڈاکٹر احمد بن محمد السید پاکستان قطر جوائنٹ بزنس ٹاسک فورس کے چیئرمین بھی ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کا جائزہ لیا اور پاکستان و قطر کے تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قطر کو پاکستان کی برآمدات، خصوصاً زرعی مصنوعات، کھانے پینے کی اشیاء اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات کو مزید متنوع بنایا جائے۔ دونوں فریقین نے پاکستان قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

وزیراعظم نے سرمایہ کاری دوست اصلاحات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں قطر کی دلچسپی کا اظہار کیا۔

دونوں ممالک نے رمضان المبارک کے دوران متعلقہ حکام پر مشتمل ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے پر بھی اتفاق کیا، جس میں پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے لیے ٹھوس تجاویز پر غور کیا جائے گا۔

 

Back to top button