کوئٹہ : ریلوے ٹریک دھماکے سے تباہ، ٹرینوں کی آمدورفت معطل

کوئٹہ کے علاقے سریاب میں ریلوے ٹریک کو دھماکے کے ذریعے تباہ کر دیا گیا، جس کے بعد ٹرینوں کی نقل و حرکت معطل کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سریاب میں نامعلوم افراد نے ٹریک کے قریب دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا، جس کے پھٹنے سے پٹڑی کو نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچ گئیں جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔

اس واقعے سے قبل کوئٹہ کی قمبرانی روڈ پر بھی لگاتار دو دھماکے رپورٹ ہوئے تھے جن میں پولیس چوکی اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، تاہم دونوں حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق پہلا دھماکا اس وقت ہوا جب موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم حملہ آوروں نے پولیس چیک پوسٹ پر دستی بم پھینکا۔ دوسرا دھماکا، جو ایک دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کے ذریعے کیا گیا، اسی مقام کے قریب اس وقت ہوا جب شرپسندوں نے پہلے حملے کی جگہ کی جانب جانے والی سی ٹی ڈی کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

Back to top button