افغانستان میں خواتین کیلئے ریڈیو اسٹیشن بند،2ملازمین گرفتار

طالبان نے افغانستان میں خواتین کے ریڈیو اسٹیشن کو مکمل طورپر بند کر دیا ہے۔

افغانستان میں طالبان نے خاتون کے ایک معروف ریڈیو اسٹیشن ’’ بیگم‘‘ کے لائسنس کو معطل کرکے نشریات بند کروادی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کی وزارت اطلاعات نے تصدیق کی ہے کہ خواتین کے ریڈیو اسٹیشن پر چھاپا مارکارروائی کی گئی۔طالبان اہلکاروں نے ریڈیواسٹیشن کی مکمل تلاشی لی،کمپیوٹرز،لیپ ٹاپس اورموبائل فونز تحویل میں لے لئے اور دو مرد ملازمین کو گرفتارکرلیا۔

حراست میں لئے گئے دونوں مرد ملازمین ریڈیو اسٹیشن میں کسی اعلیٰ انتظامی یا پالیسی ساز عہدے پرفائز نہیں تھے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت اطلاعات و ثقافت نے بیگم نامی ریڈیو اسٹیشن کی نشریات کو ضابطے کی متعدد خلاف ورزیوں پرغیر معینہ مدت تک معطل کردیا۔

طالبان کا کہنا ہے کہ یہ ریڈیو اسٹیشن بیرون ملک مقیم ایک ٹی وی اسٹیشن کو مواد اور پروگرام فراہم کررہا تھا جو کہ براڈ کاسٹنگ پالیسی کی خلاف ورزی اور لائسنس کا غلط استعمال ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ریڈیو اسٹیشن کے لائسنس کی بحالی کا حتمی فیصلہ دستاویزات،اہداف اور مقاصد کا بغور جائزہ لیکر کیا جائیگا۔

دوسری جانب ریڈیو اسٹیشن ’بیگم‘ کے ترجمان نے کہا کہ کبھی بھی کسی سیاسی سرگرمی میں شامل نہیں رہے اور خاص طور پر افغان خواتین کی خدمت کیلئے پُرعزم ہیں۔

Back to top button