بھارتی سٹار رنبیر کپور نے ” بیٹی” کا ڈائپر تبدیل کرنا سیکھ لیا

حال ہی میں والد بننے والے بھارتی فلم انڈسٹری کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور نے بتایا ہے کہ انھوں نے اپنی "بیٹی ” کا ڈائپر تبدیل کرنا سیکھ لیا ہے، کرینہ کپور کے شو میں شرکت کے موقع پر رنبیر کپور کے اس جملے کا ٹیزر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر ڈیجیٹل پیج مرچی پلس نے شو ’واٹ ویمن وانٹ‘ کے چوتھے سیزن کا ٹیزر ریلیز کیا ہے جس کی میزبانی کرینہ کپور خان کریں گی۔
واٹ ویمن وانٹ کے ٹیزر میں اداکار رنبیر کپور مہمان بن کر شو میں جلوہ گر ہوئے ہیں جن سے اُن کی کزن کرینہ کپور نے دلچسپ باتیں کیں، کرینہ کپور ٹیزر میں رنبیر کپور سے پوچھتی ہیں کہ میں اُن تمام بڑی چیزوں کے بارے میں بات کرنا چاہتی ہوں جو گزشتہ سال ہوئیں، آپ نے شادی کی، آپ باپ بن گئے، کیا آپ نے اپنی بیٹی کا ڈائپر تبدیل کیا؟
اس کے جواب میں رنبیر کپور نے کہا کہ میں نے ڈائپر تبدیل کیا ہے، لیکن میں ڈکار لینے میں مہارت حاصل کر رہا ہوں، اس کے بعد کرینہ کپور پوچھتی ہیں کہ ’کیا اداکاراؤں کو اداکاروں سے لمبا ہونا چاہئے یا نہیں؟
اس کے جواب میں رنبیر کپور نے ’بالی وُڈ کے خانز‘ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ خان، سلمان خان، عامر خان اتنے لمبے نہیں ہیں، لیکن انہوں نے تمام اداکاراؤں کے ساتھ کام کیا ہے۔
ٹیزر میں بیبو گرل نے مزاحیہ انداز میں پوچھا کہ وہ کون سا وقت تھا جب تم نے عالیہ کو بتایا کہ اب تم دال چاول کے لیے تیار ہو؟ اس پر انہوں نے کہا کہ ’میں یہ کہوں گا کہ میں ایک اچھا شوہر ہوں۔
رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی گزشتہ سال اپریل میں ہوئی تھی جس کے بعد ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی، بالی وُڈ کے اس جوڑے نے حالیہ دنوں میں پہلی مرتبہ بطور والدین ہولی کا تہوار منایا ادھر رنبیر کپور کی نئی فلم ’تو جھوٹی میں مکار‘ کی سینما گھروں میں نمائش جاری ہے۔
بالی وُڈ کے باکس آفس کے تجزیہ کار ترن آدرش کے مطابق فلم نے اب تک 70 کروڑ کما لیے ہیں، دوسری جانب عالیہ بھٹ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں اپنی آنے والی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں موجود تھیں جہاں ان کے ساتھ ان کی بیٹی راہا، والدہ سونی رازدان اور بہن شاہین بھٹ بھی موجود تھیں۔
رواں سال جولائی میں ریلیز ہونے والی فلم راکی اور رانی کی پریم کہانی کی ہدایتکاری کرن جوہر کر رہے ہیں، جبکہ اس فلم میں عالیہ بھٹ کے علاوہ رنویر سنگھ، جیا بچن اور شبانہ اعظمی بھی مرکزی کردار ادا کریں گی۔
