رینجرز کا پی ٹی آئی مظاہرین پرکریک ڈاؤن، ڈی چوک خالی کروالیا

رینجرز اور پولیس کے دستوں نے ڈی چوک میں پی ٹی آئی شرپسندوں کیخلاف بڑے پیمانے پرآپریشن کا آغاز کردیاہے۔جس کے دوران آنسو گیس کا استعمال کیاگیااور فائرنگ کرنیوالے پی ٹی آئی مظاہرین کوجوابی فائرنگ کا نشانہ بنایاگیاہے۔جس میں درجنوں شرپسندوں کےزخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
باخبرذرائع نے بتایا ہے کہ آپریشن شروع کرنے سے پہلے رینجرز اورپولیس کے دستوں نے لاؤڈ سپیکر پرپی ٹی آئی مظاہرین کو منتشرہونے کا وقت دیا۔جس کے بعد ڈی چوک کی بتیاں بجھا کرآپریشن کا آغاز کیاگیا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس اور رینجرز کے دستوں نے پی ٹی آئی مظاہرین سے ڈی چوک اور جناح ایونیوخالی کروالیاہے اور انہیں چائنہ چوک کے قریب خیبرپلازہ تک پیچھے دھکیل دیا ہے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ اگرمظاہرین نے منتشرہونے کےبجائے دوبارہ آگے بڑھنے کی کوشش کی تو پاک فوج کے دستے بھی حرکت میں آ جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کی قیادت میں 10ہزارسےزائدمظاہرین ڈی چوک تک پہنچ گئے تھےاور ریڈزون میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔جس کے بعد رینجرز اور پولیس کے ذریعےکریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ آپریشن سے 2گھنٹے پہلے وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈی چوک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ دھرنامظاہرین یاان کی قیادت سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گےاور ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
