حمیرا اصغر کے فلیٹ کے مختلف سیمپلز کی رپورٹ آگئی

اداکارہ حمیر‌ا اصغر کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، تفتیشی ٹیم کو ان کے فلیٹ سے لیے گئے مختلف سیمپلز کی رپورٹ موصول ہو گئی ہے۔

تحقیقات کے دوران اداکارہ کے گھر سے 6 سیمپلز اکٹھے کیے گئے تھے، جن میں سے پانچ سیمپلز فلیٹ میں موجود پیالوں سے لیے گئے، جبکہ چھٹا سیمپل کچن میں موجود نمک کا تھا۔

رپورٹ کے مطابق پیالوں سے حاصل ہونے والا سفوف سمندری نمک ہے، جو کہ بدبو کم کرنے اور کیڑے بھگانے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

دوسری جانب، کچن میں موجود نمک کی نوعیت پیالوں میں پائے گئے نمک سے مختلف پائی گئی ہے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ سے کیس میں مزید پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔

یاد رہے کہ اداکارہ حمیر‌ا اصغر کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے اتحاد کمرشل میں واقع ایک فلیٹ سے اس وقت ملی جب کرائے کی عدم ادائیگی پر مالک مکان عدالت پہنچا۔ عدالتی بیلف کے ہمراہ فلیٹ کا دروازہ توڑنے پر لاش برآمد ہوئی۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق لاش ڈی کمپوزنگ کے آخری مرحلے پر تھی، جس سے اندازہ لگایا گیا کہ موت کو تقریباً 8 ماہ گزر چکے ہیں۔

تحقیقات کے مطابق اداکارہ مالی مسائل کا شکار تھیں، انہوں نے ستمبر 2024 میں اپنا آخری کمرشل شوٹ کیا تھا اور اکتوبر 2024 میں آخری بار کام سے متعلق افراد سے رابطے میں تھیں۔

Back to top button