صاحبزادہ حامد رضاپی ٹی آئی کی کور کمیٹی سے مستعفی
سلمان اکرم راجا کے بطورسیکریٹری جنرل مستعفی ہونےکےبعد صاحبزادہ حامد رضا نے بھی پی ٹی آئی کی کور کمیٹی استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ حامدرضا قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دینے پر بھی غور کر رہے ہیں۔
صاحبزادہ حامد رضا کاکہنا ہے کہ بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کرکے انہیں قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ آج ہی پاکستان تحریک انصاف کےسیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے بھی عہدے سے استعفی دےدیا تھا۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ پی ٹی آئی احتجاج کے بعد مسلسل تنقید کے بعد پاکستان تحریک انصاف کےسیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجانےعہدے سے استعفی دیا۔
مزید بتایا تھا کہ سلمان اکرم راجا کو لاہور سے قافلہ لےکراسلام آبادجانے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، راستے بند ہونےکےبعد سلمان اکرم راجا کی جانب س لاہور میں ہی احتجاج کا پلان بنایا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ سلمان اکرم راجالاہور میں بھی ورکرز کو نکالنےمیں ناکام رہے تھے۔
گزشتہ روز سلمان اکرم راجہ نےویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ ہم پر اعتراض کیا کہ ہم احتجاج میں اسلام آباد کیوں نہیں پہنچے، دیکھیے! ہم لاہور میں نکلے، میں پورا دن لاہور شہر کی سڑکوں پر رہا، وہاں یہ عالم تھا کہ اگر 10، 20 یا 30 لوگ بھی اکٹھے ہوتے تو ان پر لاٹھیاں برسائی جاتی تھیں، ان کو گرفتار کیا جاتا تھا۔
سلمان اکرم کا کہنا تھا کہ ہمارا حق تھا کہ ہم ایک جگہ اکٹھے ہوتے اور اسلام آباد جاتے لیکن تمام راستوں کو بند کر دیا گیا تھا، جس تعداد میں لوگ نکلنا چاہتے اور اسلام آباد میں احتجاج کرنا چاہتےتھے وہ ممکن نہیں تھا۔