چیمپئنز ٹرافی،پاکستان نےمجوزہ ہائبرڈ ماڈل یکسر مسترد کردیا
پاکستان کرکٹ بورڈنےانٹرنیشنل کرکٹ کونسل اوربھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی2025کےلیےتیار کردہ ہائبرڈماڈل کاپلان یکسر مسترد کردیا۔
رپورٹ کے مطابق ذرائع نےدعویٰ کیا کہ پی سی بی نےجمعے کےروز شیڈول آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ میں نیا پلان لانےکامطالبہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈنےواضح کردیا ہے کہ کہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں نئےپلان کےساتھ آئے،ایسا نہیں ہوسکتا ہےکہ پاکستان بار بار بھارت جاکر کھیلے اور بھارت پاکستان نہ آئے۔
قبل ازیں چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈمحسن نقوی نےرات گئے قذافی اسٹیڈیم کےتفصیلی دورے میں نئے تعمیرکردہ اسٹیپ کا معائنہ کیا اور اسٹیڈیم کے تعمیراتی کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے اسٹیڈیم کے دورے کے موقع پر منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیےمتعلقہ حکام کو ہدایات دیں جس کےبعد ایف ڈبلیو او کے پروجیکٹ ڈائریکٹرنےمنصوبے پرہونےوالی پیش رفت کےبارےمیں بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ قذافی اسٹیڈیم اپ گریڈیشن پروجیکٹ کا مجموعی طور پر 70 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے،انکلوژرز کےاسٹیپ کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، مین بلڈنگ کے فلورز مکمل کرلیےگئےہیں اور پویلین و باکسز کا کام بھی آخری مرحلے میں داخل ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایک مرتبہ چیمپینز ٹرافی پر سخت مؤقف دہرایا اور واضح کیا کہ اگربھارت پاکستان میں نہیں کھیلےگا توپاکستان بھی بھارت جاکر نہیں کھیلےگا۔آئی سی سی میٹنگ میں جوبھی فیصلہ آیا، اس پر حکومتی ہدایات کے مطابق عمل کیا جائے گا۔
خیال رہےکہ گزشتہ روز ذرائع نے بتایا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے پی سی بی کو اگر ہائبرڈ ماڈل کے لیے مجبور کیا گیا تو بورڈ حکومت سے اجازت طلب کرے گا تاہم ابھی تک پاکستان کرکٹ بورڈ کاہائبرڈ ماڈل قبول کرنےکا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ( بی سی سی آئی) جے شاہ کی آئی سی سی میں انٹری سے قبل تنازع کا حل چاہتا ہے جس کے لیے آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بورڈ میٹنگ 29 نومبر کو طلب کر رکھی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی اور بی سی سی آئی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 ہائبرڈ ماڈل کروانے کی صورت میں پی سی بی کو مالی فائدہ پہنچانے کا بھی پلان تیار کرلیا ہے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ آئی سی سی نےہائبرڈ ماڈل کےلیےپلان بھی تیار کیا ہوا ہے جس کے تحت ٹورنامنٹ کے10 میچز اور ایک سیمی فائنل پاکستان میں کرانے کا پلان ہے جب کہ بھارت کےمیچز اور ایک سیمی فائنل یو اے ای میں ہوگا۔
آئی سی سی کےپلان کے مطابق اگر بھارت فائنل میں نہیں پہنچا تو فائنل پاکستان میں ہوگا تاہم بھارت کےفائنل میں پہنچنے کی صورت میں ٹورنامنٹ کا فائنل متحدہ عرب امارات میں ہوگا۔