اسلحہ سے لیس ہزاروں افراد نے وفاق پرلشکرکشی کی،وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ وفاق پر اسلحہ سے لیس ہزاروں افراد نےلشکرکشی کی تاکہ ایک غیر یقینی کی صورتحال پیدا کی جائے۔
اسلام آباد میں 26 ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ پی ٹی آئی کا مقصد پاکستان کے دشمنوں کی جانب سے ملکی استحکام کو تباہ کرنا تھا کیونکہ وہ ملک کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے، ہمیں ملکر پاکستان کے مسقبل کو بچانا اور آگے بڑھنا ہوگا، یہ صرف مل کر چلنے اور باہمی اتحاد سے ہی ممکن ہوسکتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان آہستہ آہستہ درست سمت میں جارہا ہے، دو روز قبل اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کے نتیجے میں اسٹاک ایکسچینج تاریخی طور پر نیچے چلی گئی تھی لیکن اس کے بعد یہ ایک لاکھ پوائنٹ عبور کرچکی ہے، یہ تاریخی سنگ میل ہے۔ یہ مجموعی طور پر مشترکہ کاوش ہے، یہ سب وفاقی حکومت اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان باہمی تعاون کی بدولت ہی ممکن ہوا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر معاشی طور پرمضبوط ہونے کی بدولت ہماری نیشنل سیکیورٹی از خود بہتر ہوجائے گی۔
شہباز شریف نے کہا بدقسمتی سے پچھلی کچھ دہائیوں سے ہماری معاشی ترقی سست روی کا شکار تھی جس کےپیچھے بہت سارے عوامل ہیں، پالیسیوں پر عمل درآمد نہ کرنا اس میں نمایاں عمل تھا۔ان کاکہنا تھا کہ ہم ابھی بھی بہت سارے چیلنجز کا سامنا کررہے ہیں،جون 2023 میں ہم ڈیفالٹ کے قریب تھے، ہمارے پاس آئی ایم ایف کے پاس جانےکےعلاوہ کوئی چارہ نہیں تھا ، میں امید کرتا ہوں کہ یہ ہمارا عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ آخری معاہدہ ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، پاکستانی تاریخ میں بھی پہلے بھی بہت سارےبہترین منصوبے ترتیب دیئے گئے لیکن ان پرعمل درآمد کرنےکےلیےجو محنت درکار تھی وہ نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ میں تمام پاکستانیوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ جامع منصوبہ بندی کوکارآمد بنانے کے لیے بھرپور محنت کی جائی گی تا کہ پاکستان کومعاشی طور پر مستحکم بنایا جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں معاشی چیلنجز کے ساتھ سیکیورٹی کے مسائل بھی درپیش ہیں، دہشت گردی کو شکست دینے کے لیےملک کے ہر طبقے نے قربانیاں دی ہیں، پاکستان سے اس ناسور کا خاتمہ سب سے بڑا چیلنج تھا لیکن نوازشریف کے دور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں نے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرکے ملک سے اس کا خاتمہ کیا۔