اداکارہ سیمی راحیل کو ہدایتکاروں سے کیا گلہ ہے؟

معروف اداکارہ سیمی راحیل نے انکشاف کیا ہے کہ آج کل کے ہدایت کار انسٹاگرام پر اچھا میک اپ کرنے والی کو کاسٹ کرلیتے ہیں، شوبز انڈسٹری میں ہدایتکار کبھی ٹیلنٹ کو کاسٹ نہیں کرتے ہیں بلکہ سوشل میڈیا آئیکون شخصیت کو ترجیح دیتے ہیں، ایسی شخصیت جو انسٹاگرام پر اچھا میک اپ کر لیتی ہیں اور جن کی تھوڑی سی اردو صاف ہوتی ہے۔سیمی راحیل نے کامیڈی پروگرام ’’ہنسنا منع ہے‘‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت شوبز انڈسٹری کے معاملات پر کھل کر بات کی، بچوں کے پروگرام سے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے کیریئر کی شروعات کی تھی لیکن جلد ہی انہیں مرکزی کردار میں کاسٹ کر لیا گیا۔ان کے مطابق اس وقت کے پروڈیوسر نثار حسین نے ان کا پروگرام دیکھا تو انہیں بلالیا اور پھر ’’ایک محبت، سو افسانے‘‘ میں اہم کردار دیدیا، انہیں سمجھ نہیں آیا کہ انہوں نے کم عمری میں کیسے وہ کردار ادا کیا، اس وقت ان کی عمر بمشکل 16 سال ہوگی اور انہیں دیکھتے ہی دیکھتے شہرت مل گئی۔اداکارہ کے مطابق انہوں نے 1973 میں اداکاری کا آغاز کیا اور تب سے اب تک کام کرتی آ رہی ہیں، یہ اعتراف بھی کیا کہ شوبز انڈسٹری میں بھی اقربا پروری، گروپ بندیاں، پسند اور ناپسند سمیت سیاست موجود ہے، یہ تمام باتیں دنیا کی انڈسٹری اور ہر شعبے میں موجود ہیں بلکہ یہ باتیں انسان کی فطرت میں بھی شامل ہیں۔سیمی راحیل کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے کہ پاکستانی معاشرہ تنگ نظر ہوگیا ہے لیکن یہ ضرور ہے کہ لوگوں کی سوچ چھوٹی ہوگئی ہے، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام کو دیکھ لیں، کسی کو یہ نہیں لگے گا کہ پاکستانی معاشرہ تنگ نظری کا شکار ہے، بیٹے دانیال راحیل اور بیٹی مہرین راحیل کی اداکاری سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ کون بہتر اداکار ہے لیکن ان کے مطابق دونوں کے بعض ڈرامے اچھے ہیں۔سیمی راحیل کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں بعض ایسے اداکار بھی ہیں جو کہ درحقیقت میں اداکار نہیں بلکہ کمائی کرنے والے لوگ ہیں، انہیں دیکھنے کے بعد لوگ تک انہیں بھول جاتے ہیں، ان کے کام کو ہی یاد نہیں رکھتے تاہم انہوں نے ایسے اداکاروں کا نام نہیں بتایا اور کہا کہ وہ تب تک لوگوں کو یاد رہتے ہیں جب تک وہ سکرین پر نظر آتے رہیں گے۔ہدایت کار دیکھتے ہیں کہ انسٹا گرام پر کس نے میک اپ اچھا کیا ہوا ہے اور کس کی اُردو صاف ہے، پھر اسے کاسٹ کر لیتے ہیں، تاہم انہوں نے ایسے ہدایت کاروں اور اداکاروں کے نام نہیں بتائے۔
