اداکارہ نمرہ خان خوفناک ٹریفک حادثے سے کیسے بچ گئیں؟

اداکارہ نمرہ خان نے انکشاف کیا کہ جب وہ شوبز انڈسٹری میں غیرمعروف تھیں تو اسلام آباد جاتے روڈ پر ان کی گاڑی آرمی وہیکل سے جا ٹکرائی تھی، جس میں وہ بری طرح زخمی ہوگئی تھیں، فوجیوں نے مجھے ہسپتال منتقل کیا جبکہ ڈاکٹرز نے اہلخانہ کو جواب دیدیا تھا۔نمرہ خان شوبز کیریئر کے آغاز میں 2014 میں اسلام آباد کے قریب خطرناک روڈ حادثے کا شکار بنی تھیں، اس وقت تک نمرہ خان غیر معروف تھیں لیکن ان کے حادثے کی خبریں میڈیا کی سرخیوں کی زینت بنی تھیں۔اب تقریبا ایک دہائی بعد حال ہی میں انہوں نے ایک پوڈ کاسٹ میں معاملے پر کھل کر بات کی۔نمرہ خان نے اعتراف کیا کہ ان کی غلطی کی وجہ سے ہی حادثہ ہوا، انہوں نے پیچھے سے فوجیوں کی گاڑی کو تیز رفتاری سے گاڑی ماری۔ان کا کہنا تھا کہ گاڑی کا اسٹیئرنگ ان کے سینے میں گھس گیا، جس نے اندر جاکر جگر کو سخت متاثر کیا جب کہ انہیں دماغ پر بھی شدید چوٹیں لگیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کی دائیں ٹانگ پانچ جگہوں سے ٹوٹ گئی تھی جب کہ اس سے گوشت کا بہت بڑا ٹکڑا الگ ہوچکا تھا۔خطرناک حادثے کے کچھ ہی دیر بعد وہ بے ہوش ہوگئی تھیں اور انہیں انہی فوجی افسران نے ہسپتال پہنچایا، جن کی گاڑی کو انہوں نے ٹکر ماری تھی۔انہوں نے فوجی افسران کی تعریفیں کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ ابتدائی طور پر فوجی افسران کو لگا کہ ان پر خودکش حملہ ہوا ہے لیکن بعد ازاں انہوں نے انہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔ان کے مطابق حادثے کے بعد وہ چار دن وینٹی لیٹر پر رہیں جب کہ آپریشن کے بعد وہ کوما میں چلی گئی تھیں، 19 دن تک وہ کوما میں رہیں، نمرہ خان نے نئی زندگی ملنے پر خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ والدین کی دعاؤں اور فوجی افسران کی جانب سے بروقت طبی امداد کے لیے اچھے ہسپتال منتقل کیے جانے کی وجہ سے ان کی زندگی بچی۔دریں اثنا اداکارہ نے اپنی پہلی شادی کی ناکامی پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پہلے شوہر کو شادی سے قبل نہیں جانتی تھیں، اب جب بھی شادی کریں گی، سوچ سمجھ کر کریں گی، پہلے ہونے والے شریک حیات کو مکمل طرح جانیں گی، اداکارہ کے مطابق معاشرے میں طلاق کو ایک داغ کی صورت میں دیکھا جاتا ہے لیکن طلاق کے بعد زندگی ختم نہیں ہوتی اور یہ کہ طلاق یافتہ شخص سے شادی کرنا سنت ہے۔نمرہ خان کے شوہر راجا اعظم نے اگست 2021 میں طلاق کی تصدیق کی تھی، نمرہ خان اور راجا اعظم نے اگست 2020 میں سادگی سے شادی کی تھی لیکن بدقسمتی سے ان کی شادی ایک سال بھی نہ چل سکی، طلاق کے بعد نمرہ خان کچھ عرصے کے لیے شوبز سے دور ہوگئی تھیں، اداکارہ کے مطابق وہ بلکل دوسری شادی کریں گی اور عین ممکن ہے کہ وہ اگلی بار پوڈکاسٹ میں آتے وقت شادی کر چکی ہوں۔

اداکارہ میرب علی سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں کیوں؟

Back to top button