دہشتگردوں کو ہر قیمت پر انجام تک پہنچایا جائے گا،سرفراز بگٹی

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ شہدا کے خون کا ایک ایک قطرہ قوم کی امانت ہے، دہشتگردوں کو ہر قیمت پر انجام تک پہنچایا جائے گا۔

میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت مانگی ڈیم واقعہ اور صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو، اراکین صوبائی اسمبلی، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان نے مانگی ڈیم واقعہ اور دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں سیکیورٹی صورتحال، آپریشن کی پیشرفت اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق شرکا کو آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے سہولت کار بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بلوچستان میں ریاست کی رٹ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی اور مؤثر ہم آہنگی لائی جائے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہاکہ دہشتگردوں کو کسی صورت دوبارہ منظم ہونے کا موقع نہ دیا جائے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیاکہ بلوچستان کے امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Back to top button