سعودی عرب : پاک افغانستان مذاکرات بے نتیجہ ختم، جنگ بندی پر اتفاق

پاکستان اور افغانستان کے درمیان سعودی عرب میں ہونے والے مذاکرات بغیر کسی پیش رفت کے بے نتیجہ ختم ہوگئے تاہم دونوں فریقین نے سیز فائر جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں ہونے والے یہ مذاکرات قطر، ترکیے اور سعودی عرب کی مشترکہ میزبانی میں جاری سلسلہ وار ملاقاتوں کا حصہ تھے۔ ان مذاکرات کا مقصد اکتوبر میں سرحدی جھڑپوں کے بعد پیدا ہونے والی تناؤ کی صورت حال میں کمی لانا تھا۔
رپورٹ کے مطابق دوحہ میں طے پانے والی جنگ بندی اب تک بڑی حد تک برقرار ہے، تاہم گزشتہ ماہ استنبول میں ہونے والی فالو اَپ ملاقاتوں میں فریقین کسی طویل المدتی معاہدے پر متفق نہیں ہوسکے تھے۔
حکام کےمطابق تازہ مذاکرات سعودی عرب کی ایک خصوصی تجویز پر منعقد ہوئے۔
یاد رہے کہ رواں برس اکتوبر میں افغانستان کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی اور جارحیت کی گئی تھی جس پر پاکستان نے بھرپور جواب دیا اور کئی ٹھکانے تباہ کرنے کےساتھ متعدد افغان طالبان کے اہلکاروں کو ہلاک کیا تھا۔
پاکستان کا مؤقف ہے کہ افغان طالبان تحریری طور پر یقین دہانی کرائیں کہ وہ پاکستان مخالف عناصر کے خلاف کارروائی کریں گے، تاہم طالبان حکام اب تک اس مطالبے پر آمادہ نہیں ہوئے۔
