سلامتی کونسل غزہ میں امداد کی رسائی ممکن بنائے،اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں فوری جنگ بندی کو یقینی بنائے اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی ممکن بنائے۔
یہ مطالبہ انہوں نے سلامتی کونسل کے سہ ماہی مباحثے کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں غزہ میں ہسپتالوں، اسکولوں، امدادی قافلوں اور پناہ گزین کیمپوں پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔
اسحاق ڈار نے فلسطین کے مسئلے کے دو ریاستی حل کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ پر ناجائز قبضہ اور جبری نقل مکانی کو فوری طور پر روکا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عرب اور او آئی سی کی زیر قیادت غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے پر جلد عملدرآمد کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار اور جامع امن کے لیے خطے کے تمام تنازعات، چاہے وہ شام، لبنان یا ایران سے متعلق ہوں، کو مؤثر کثیرالجہتی اور پرامن طریقوں سے حل کرنا ضروری ہے۔
اسحاق ڈار نے زور دیا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ فلسطینی عوام کو انصاف، آزادی، وقار اور اپنی ریاست دی جائے، کیونکہ یہی مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن اور استحکام کا ضامن ہے۔
