سینیٹ سے آرمی، ائیر فورس، نیوی ایکٹس میں ترمیمی بل منظور

سینیٹ نے پاکستان آرمی، ائیر فورس، نیوی ایکٹ اور پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی بلوں کو کثرت رائے سے منظور کر لیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ، یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ آصف اور طارق فضل چوہدری نے یہ بل پیش کیے۔ اجلاس کے دوران پاکستان آرمی ایکٹ، پاکستان ائیر فورس ایکٹ، پاکستان نیوی ایکٹ اور پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی بلوں کی منظوری دی گئی۔
بلوں کی منظوری کے موقع پر پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے اراکین نے مخالفت کی۔ ہمایوں مہمند اور کامران مرتضیٰ نے بلوں کو کمیٹی میں بھیجنے کا مطالبہ کیا تاہم چیئرمین سینیٹ نے ایوان سے رائے لی جس کے بعد بلوں کو کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔
اپنی گفتگو میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایوان نے 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دی، جس کے تحت ان ایکٹس میں ترمیم کرنا ناگزیر ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ آرمی، نیوی اور ائیر فورس ایکٹس میں ضروری ترامیم کی گئی ہیں۔
