سینیٹ انتخابات : پارٹی امیدواروں کی فہرست عمران خان نے خود جاری کی ہے، عمر ایوب

مرکزی رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات کےلیے امیدواروں کی فہرست عمران خان نے خود جاری کی ہے۔ بانی کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے، لہٰذا کارکنان کو اس کا احترام کرنا چاہیے۔
ہری پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا احتجاجی سلسلہ ملک بھر میں جاری ہے۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں احتجاجی تحریک کا آغاز ہوچکا ہے، اور اس تحریک کو ہماری اتحادی جماعتوں، خاص طور پر تحریک تحفظ پاکستان کی حمایت بھی حاصل ہے۔
رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہا کہ یہ احتجاجی تحریک دن بہ دن مضبوط ہو رہی ہے اور اس کا اختتام پی ٹی آئی کی فتح پر ہوگا۔
سینیٹ انتخابات پر بات کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ عمران خان نے وکلا اور اپنی بہنوں کے ذریعے واضح پیغام بھیجا ہے کہ جو امیدواروں کی فہرست انہوں نے فراہم کی ہے، وہی حتمی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان کا فیصلہ آخری ہوتا ہے، اس لیے تمام کارکنان کو چاہیے کہ وہ اس کا مکمل احترام کریں۔
