سینیٹ : اسرائیل کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور

سینیٹ میں اسرائیل کے خلاف پیش کی گئی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا،جس میں غزہ کی صورت حال اور اسرائیلی مؤقف پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹر پلوشہ کی جانب سے اسرائیل کے خلاف پیش کی گئی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ایوان نے اسرائیلی قیادت کی جانب سے علاقائی اتحاد بنانے کے بیان کو مسلم امہ کی وحدت کےخلاف قراردیا۔
قرارداد کے متن کےمطابق اسرائیل کا طرز عمل بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے منافی ہے،مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی قانونی و تاریخی حیثیت تبدیل کرنےکی ہر کوشش کو مسترد کیاگیا ہے۔سینیٹ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں آبادکاری کے پھیلاؤ کی شدید مذمت کی اور کہاکہ اسرائیلی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات عالمی امن و استحکام کےلیے خطرہ ہیں۔
قرارداد کے مطابق اسلامی ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کےخلاف کسی بھی اقدام کی مخالفت کی جائے گی۔ایوان نے اسرائیل سے مقبوضہ علاقوں سے فوری انخلا اور انسانی امداد کی بلاتعطل فراہمی کا مطالبہ کیا۔
عظمیٰ خان نے سابق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف درخواست دائر کردی
سینیٹ نے غزہ کی بحالی اور تعمیرنو کے عمل کے جلد آغاز پر زور دیتےہوئے اس عزم کا اعادہ کیاکہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کی غیرمتزلزل حمایت جاری رکھے گا۔
