پاکستان اور ابوظہبی کےدرمیان ایم او یوز،معاہدوں پردستخط

پاکستان اور ابوظہبی کےدرمیان بینکنگ، کان کنی،ریلویز اورانفرااسٹرکچرکےشعبوں میں تعاون بڑھانےسےمتعلق ایم او یوز اورمعاہدوں پردستخط ہوگئے۔
وزیراعظم سے ابوظہبی کےولی عہد اورابوظہبی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان نےوزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
وزیراعظم نےولی عہد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانےکےپاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔دو طرفہ ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔
شہبازشریف نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ دونوں ممالک اپنے بہترین سیاسی تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کیلئےمل کر کام کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ میرے حالیہ دورۂ ازبکستان کے دوران ازبکستان- افغانستان- پاکستان ریلوے لائن منصوبے پر بات چیت ہوئی؛ ازبکستان نے بھی اس منصوبے میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ہے، اس منصوبے کی بدولت گوادر اور ابوظہبی پورٹس کو فائدہ ہوگا اور یہ منصوبہ اس خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔
شہبازشریف نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے لیے متحدہ عرب امارات کی مسلسل اور مضبوط حمایت کو سراہا۔ پاکستان میں اپنے سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو وسعت دینے کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی گہری دلچسپی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف پاکستانی اداروں اور ابوظہبی پورٹس کے درمیان حالیہ کامیاب سرمایہ کاری کے اقدامات اس مضبوط اور مسلسل بڑھتے ہوئے تعاون کی روشن مثال ہیں۔
ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید، جو سینئر حکام اور کاروباری رہنماؤں پر مشتمل وفد کے ہمراہ ہیں، انہوں نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کیلئےمتحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کے تبادلوں کا مشاہدہ بھی کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ، کان کنی، ریلویز اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
