سندھ،رواں برس ڈینگی سے پہلی ہلاکت کی تصدیق

سندھ میں رواں سال ڈینگی وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے۔

 کراچی کے ضلع شرقی سے تعلق رکھنے والی 48 سالہ خاتون ڈینگی بخار کے باعث انتقال کر گئیں۔

متوفیہ شوگر کی مریضہ بھی تھیں، جبکہ رواں برس سندھ بھر میں اب تک ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 345 ہو چکی ہے۔

اس سے قبل 29 جون 2025 کو محکمہ صحت سندھ نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی تھی۔ ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا تھا کہ کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد گلیوں اور سڑکوں پر جمع پانی ڈینگی کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔

شہر میں دو روز کی بارش کے بعد گارڈن، لسبیلہ، جمشید روڈ، اولڈ سٹی ایریا، رنچھوڑ لائن سمیت متعدد علاقوں میں سڑکوں اور رہائشی علاقوں کے اطراف جمع پانی نے بیماریوں کا خطرہ مزید بڑھا دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق، ڈینگی وائرس 60 فیصد نمی اور 26 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں تیزی سے پھیلتا ہے۔

Back to top button