وزیرتوانائی سندھ ناصرحسین نے مریم نوازکی کارکردگی کی تعریف کردی

وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ نےکہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوام کیلئے اچھے کام کرہی ہے ان کے کاموں کوسراہتےہیں۔

سندھ اور پنجاب حکومتوں کے ترجمانوں کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے ناصر شاہ نے کہا کہ دونوں حکومتیں اپنی قیادت کی رہنمائی میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے بہترین کام کر رہی ہیں۔ صوبائی حکومتوں کے درمیان کوئی مقابلہ نہیں ہے بلکہ ہر صوبہ عوامی ضروریات کے مطابق منصوبے شروع کرتا ہے۔

صوبائی وزیر توانائی نے کہا کہ صوبوں کے درمیان بے جا تنازعات پیدا کرنے سے گریز کرنا چاہیے تاکہ ملکی ماحول خراب نہ ہو۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم انہیں عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کے اچھے کاموں کو سراہتے ہیں۔

ناصر شاہ کا مزید کہنا تھا کہ جب پنجاب کے وزراء اور ترجمان کچھ منصوبوں کو پاکستان میں پہلی بار متعارف کرانےکا جھوٹا دعویٰ کرتے ہیں جبکہ وہ کئی برس سے سندھ حکومت کے تحت جاری ہیں تو ہمارے لیے اپنا مؤقف پیش کرنا ضروری ہوجاتا ہے۔

صوبای وزیر توانائی نے مزید کہا کہ اگر وزیراعلیٰ سندھ جامشورو-سیہون روڈ کی تکمیل چاہتے ہیں تو اس میں کوئی برائی نہیں ہے۔سندھ حکومت نے 2017ء میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو اس منصوبےکیلئےسات ارب روپے فراہم کیے تھے لیکن افسوس کی بات ہے کہ این ایچ اے نے اپریل 2017ء سے اب تک اس منصوبے کو مکمل نہیں کیا جس کی وجہ سے ہزاروں قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

Back to top button