جسٹس مظاہر اکبر نقوی کےخلاف چوتھی شکایت دائر

سپریم کورٹ کے ایک موجودہ جج کے خلاف ان کے مبینہ مس کنڈکٹ پر ایک اور شکایت سپریم جوڈیشل کونسل (ایس جے سی) میں دائر کی گئی جس میں انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے اور کارروائی کے دوران اگر ان کی جانب سے ملنے والا جواب غیر تسلی بخش لگا تو اس کی رپورٹ صدر کو دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر کردہ یہ چوتھی شکایت ہے جس میں جسٹس سید مظاہر علی نقوی کے خلاف ایس جے سی پروسیجر آف انکوائری، 2005 کے رول 9 کے تحت مکمل انکوائری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
حالیہ درخواست ایڈووکیٹ غلام مرتضیٰ خان نے جمع کرائی جبکہ گزشتہ شکایات پاکستان بار کونسل (پی بی سی)، مسلم لیگ (ن) لائرز فورم، لاہور سے تعلق رکھنے والے وکیل اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ایڈووکیٹ میاں داؤد نے دائر کی تھیں۔
اس وقت 5 رکنی سپریم جوڈیشل کونسل، چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس سردار طارق مسعود، سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ اور پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس قیصر رشید خان پر مشتمل ہے جبکہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار عشرت علی اس کے سیکریٹری ہیں۔
