اسٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹوں سے متعلق وضاحت جاری کردی
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا نئے بینک نوٹوں کی سیریز سے متعلق کہناہے کہ جنوری میں آرٹ مقابلے کےساتھ نئے بینک نوٹوں کی سیریز کی ڈیزائننگ کاعمل شروع کیا گیا تھا، مقابلے کا مقصد فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور بین الاقوامی سطح پربہترین ڈیزائن کی تیاری میں عوام کو شامل کرناتھا۔
اسٹیٹ بینک کےمطابق ڈیزائنز کاجائزہ ماہرین پر مشتمل کمیٹی نےکیا، فاتح انٹریز کااعلان 5 ستمبر کو کیاگیا۔مقابلے کےنتائج کو بعض حلقوں نےنئے نوٹوں کی سیریز کےڈیزائنز کی شارٹ لسٹنگ سےتعبیر کیا جب کہ نتائج کےاعلان کامقصد محض فنکاروں کی کاوشوں کو سراہنااور انعامات سے نوازناتھا۔
اسٹیٹ بینک کےمطابق جن ڈیزائنز کوفاتح قراردیا گیا وہ بینک نوٹوں کی نئی سیریز کےلیے شارٹ لسٹڈ ڈیزائن نہیں،مجوزہ نئی سیریز کےحتمی ڈیزائن مسابقتی عمل کےذریعے معروف بین الاقوامی کمپنیاں ڈیزائن کررہی ہیں،یہ کمپنیاں دسمبر 2024 تک نئے نوٹوں کےڈیزائنز کےلیے اپنی تجاویز پیش کریں گی اور پھر اسٹیٹ بینک بورڈ کی جانب سےمنظور کردہ ڈیزائنز جنوری تک وفاقی حکومت کو پیش کیےجائیں گے۔
وزیر اعظم کا اسٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ میں 2 فیصد کمی کا خیر مقدم
اسٹیٹ بینک کاکہنا ہےکہ وفاقی حکومت کی منظوری کےبعد ہی نئےڈیزائن کے نوٹوں کی سیریز کی چھپائی شروع ہوگی۔
یادرہے کہ گزشتہ دنوں اسٹیٹ بینک نےنئے کرنسی نوٹوں کےڈیزائن کےلیے کروائے گئے مقابلے کےنتائج جاری کیےتھے۔